گناہ_سے_بچنے_کا_نسخہ
ایک بہت ہی آسان سا طریقہ ان سب کے لیے جو کسی نہ کسی گناہ میں مبتلا ہیں ،، چاہے کبیرہ ہو یا صغیرہ ۔۔ اس طریقے پر عمل کرنے سے آپ ضرور گناہوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں ؛
شیخ خالد الجبیر کہتے ہیں کہ میرا ایک جاننے والا سمجھدار انسان تھا ، لیکن وہ عورتوں کو بڑی عجیب اور بری نظر سے دیکھتا تھا ، اور اس کا کام بھی عورتوں کے سامان بیچنے کی دکان پر تھا ۔
میں نے اسے کہا کہ تم عورتوں کو بری نظر سے کیوں دیکھتے ہو ؟
کہنے لگا نہیں نہیں میں نہیں دیکھتا ۔
میں نے کہا مجھ سے مذاق مت کرو مجھے پتا ہے تم بدنظری کا شکار ہو ، لیکن یہ بتائو تمہیں اس کا علاج چاہیے یا نہیں؟میرے پاس اللہ کے حکم سے اس بیماری کا ١۰۰ ٪ مکمل علاج ہے ۔
کہنے لگا کیا واقعی میں اس گناہ سے نجات پا سکوں گا؟
میں نے کہا جی ہاں
کہنے لگا پھر علاج بتائو ۔
میں نے کہا سنو ،، تم اس بات کا ارادہ کر لو کہ جتنی دفعہ بھی بدنظری کا شکار ہو گے اتنی دفعہ وضو کر کے دو رکعات نماز پڑھو گے ۔
کہنے لگا یہ تو بہت زیادہ ہے۔ہر دفعہ دو رکعات ادا کرنا بہت مشکل کام ہے۔
میں نے کہا جنت چاہیے یا جہنم ؟
کہنے لگا اللہ کی قسم مجھے تو جنت چاہیے ،
میں نے کہا بس پھر صرف ہر بدنظری پر دو رکعات ادا کرنے کا ارادہ کرو ، اللہ کی قسم شیطان خود تمہاری نظروں کو نیچے رکھے گا ۔ صرف دو رکعات پڑھنے کی وجہ شیطان تمہیں بدنظری پر نہیں ابھارے گا۔ کیونکہ اس کے نزدیک اللہ کو سجدہ کرنا بدنظری سے کہیں زیادہ بھاری ہے۔ صرف دو رکعات ادا کرنے سے اللہ تمہاری مدد فرمائے گا۔
کہنے لگا اچھا ٹھیک ہے۔
میں نے پھر ایک ماہ بعد اس سے بات کی ۔ اور پوچھا اب بتائو کیسا رہا علاج ، ہنستے ہوئے کہنے لگا اللہ کی قسم ڈاکٹر صاحب ، پہلے ہفتے ١۰ دفعہ دو رکعات ادا کیں ، اور دوسرے ہفتے ۵ دفعہ اور تیسرے ہفتے دو دفعہ اور چوتھے ہفتے ایک دفعہ ، واللہ یا شیخ اب تو ایسا کچھ ہو گیا ہے کہ میں کسی غیر عورت کی طرف بری نظر سے دیکھوں تو ایسا لگتا ہے جیسے کوئی مجھے بدنظری سے منع کر رہا ہے ، کہ دیکھو گے تو دو رکعات ادا کرنی پڑھیں گی ، وضو کرنا پڑے گا ، نہ دیکھو نہ دیکھو ۔
اسے دیکھنے سے کون منع کر رہا ہے ؟ شیطان
کیوں؟؟
کیوں کہ شیطان انسان کو نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا
میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ علاج اتنا کامیاب ہو گا،
ایک اور دفعہ میرے پاس ایک سگریٹ پینے والا آیا، کہنے لگا میں نے توبہ کرلی ہے ۔۔ لیکن سگریٹ سے میری جان نہیں چھوٹ رہی ، سب کچھ کر کے دیکھ لیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ۔ میں نے کہا سنو ہر سگریٹ کے بعد دو رکعات ادا کرو ۔ کہنے لگا بس دو رکعات ؟ میں نے کہا ہاں بس دو رکعات ، اور اس سے پہلے وضو ۔ تھوڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی تو کہنے لگا اللہ کی قسم یا شیخ پہلے دن ہی ۳۰ سگریٹ سے میں ۵ سگریٹ پر آ گیا ۔ جب بھی سگریٹ پینے کا ارادہ کرتا شیطان مجھے کہتا نہیں نہیں یہ کیا کر رہے ہو ، کوئی فائدہ ہی نہیں سگریٹ کا ۔ وضو کرنی پڑے گی نماز پڑھنی پڑے گی ۔ کہنے لگا پہلے دن ۵ پی دوسرے دن ۳ اور ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا کہ میں نے مکمل طور پر چھوڑ دی ۔
اللہ کی قسم بھائیو! میرا نہیں خیال تھا کہ یہ علاج سگریٹ پینے والے کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔ لیکن اللہ کے حکم سے بہت ہی کامیاب علاج ہے۔
جو کوئی بھی سگریٹ چھوڑنا چاہتا ہے ہر سگریٹ کے بعد دو رکعات ادا کرے اور پھر دیکھے کیسے اس کی سگریٹ چھوٹتی ہے ۔
ایک اور بھائی مجھے ملا اور کہنے لگا شیخ میں نے آپ کی کیسٹ سنی اور مجھے یہ علاج بہت پسند آیا ، میں نے اسی وقت نیت کر لی کہ اللہ کی قسم اگر میں فجر کی نماز پر نہ اٹھ سکا تو میں ١۰ رکعات ادا کروں گا ۔ لیکن اس کی نوبت ہی نہ آئی اللہ کی قسم میں اب ایک سال سے فجر کی اذان سے ١۰ منٹ پہلے ہی مسجد میں ہوتا ہوں ۔
دیکھو بھائیو! اس شخص نے صرف پکا ارادہ اور نیت ہی کی تھی اور شیطان نے یہ نوبت ہی نہ آنے دی کہ وہ 10 رکعات ادا کرے۔
میرے بھائیو! اللہ کی قسم شیطان اتنا طاقت ور نہیں ، صرف ہم کم ہمت ہو گئے ھیں ، ہم صرف اپنی بیماری کی تشخیص کرتے ہیں اور واویلا کرتے ہیں ، علاج کا نہیں سوچتے ۔
بھائیو! ہر بیماری کے علاج کا مضبوط ارادہ کرو ۔ ہر گناہ سے نجات پانے کا پہلا قدم یہی ہے کہ اس کو ترک کرنے کا مضبوط ارادہ کر لو اور پھر ہر دفعہ گناہ ہونے پر اپنے لیے ایک خاص کفارہ متعین کر لو جیسے کسی کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے ، جیسے ہی اس گناہ کا ارتکاب ہو جائے کفارے میں دو رکعات ادا کرو ۔
اور کسی کو غیبت کرنے کی عادت ہو، وہ بھی کفارے میں دورکعات ادا کرے ان رکعات کو کبھی ملتوی نہ کیا جائے بلکہ ہر وقت ان دو رکعات کو اپنے ذہن میں رکھیں ۔ اور ہر دفعہ کفارہ ادا کرنے کے بعد اللہ سے دعاء کی جائے کہ گناہوں سے چھٹکارا پانے میں آپ کی مدد کرے ۔
منقول