Friday, October 30, 2026

حُطَمَہ کیا ہے؟

 آیت ٢ نِ الَّذِیْ جَمَعَ مَالًا وَّعَدَّدَہٗ ۔ ” جو مال جمع کرتا رہا اور اس کو گنتا رہا۔ “- جس نے اپنی زندگی اور زندگی کی ساری جدوجہد مال کمانے اور اس کا حساب رکھنے میں برباد کردی۔ وہ یہی سوچ سوچ کر خوش ہوتا رہا کہ اس ماہ میرے اکائونٹس میں اتنے فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال میرے اثاثہ جات اس قدر بڑھ گئے ہیں۔

آیت ٣ یَحْسَبُ اَنَّ مَالَہٗٓ اَخْلَدَہٗ ۔ ” وہ سمجھتا ہے کہ اس کا مال اسے ہمیشہ باقی رکھے گا۔ “- گویا اس کے مال نے اسے زندئہ جاوید کردیا ہے۔ ایک دولت مند آدمی اپنی دولت کے ذریعے دنیا میں ایسے آثار و نقوش چھوڑ کرجانا چاہتا ہے جن کی وجہ سے اس کا نام دنیا میں ہمیشہ رہے۔ انسان کی اسی خواہش نے اسے اہرام مصر جیسے عجائبات کی تخلیق پر مجبور کیا۔

آیت ٤ کَلَّا لَـیُنْبَذَنَّ فِی الْْحُطَمَۃِ ۔ ” ہرگز نہیں ‘ وہ تو یقینا جھونک دیا جائے گا حطمہ میں۔ “- حُطَمَۃ : حَطَمَ سے ہے ‘ یعنی توڑ ڈالنے والی ‘ پیس ڈالنے والی ‘ چور چور اور ریزہ ریزہ کردینے والی۔ یہ دوزخ کے ایک خاص طبقے کا نام ہے جس کی آگ اتنی تیز ہوگی کہ اس میں جو شے بھی ڈالی جائے گی اس کو آنِ واحد میں پیس کر رکھ دے گی۔

آیت ٧ الَّتِیْ تَطَّلِعُ عَلَی الْاَفْئِدَۃِ ۔ ” جو دلوں کے اوپر جا چڑھے گی۔ “- یعنی اس آگ کی حدت اور تپش انسان کی جلد سے زیادہ اس کے دل پر اثر انداز ہوگی ۔ بہرحال آج جب انسان خود اور سمیت آگ اور حرارت کی رنگا رنگ اقسام ایجاد کرچکا ہے اس کے لیے ” حُطَمَہ “ کی مذکورہ خصوصیت کو سمجھنا بہت آسان ہوگیا ہے۔ ایک صاحب نے خیال پیش کیا ہے کہ حُطَمَۃ ایٹمی حرارت کی کوئی شکل ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایٹم سے جو حرارت پھیلتی ہے وہ براہ راست آگ نہیں ہوتی لیکن انسان کے وجود کو چیرتی چلی جاتی ہے۔

آیت ٨ اِنَّہَا عَلَیْہِمْ مُّؤْصَدَۃٌ ۔ ” بیشک وہ (آگ) ان پر بند کردی جائے گی۔ “- تاکہ اس کی تمام تر حرارت ان پر اثر انداز ہو اور انہیں زیادہ سے زیادہ تکلیف پہنچے۔

فِيْ عَمَدٍ مُّمَدَّدَةٍ کے کئی معنی ہوسکتے ہیں ۔ ایک یہ کہ جہنم کے دروازوں کو بند کر کے ان پر اونچے اونچے ستون گاڑ دیے جائیں گے ۔ دوسرا مطلب یہ ہے کہ یہ مجرم اونچے اونچے ستونوں سے بندھے ہوئے ہوں گے ۔ تیسرا مطلب ابن عباس نے یہ بیان کیا ہے کہ اس آگ کے شعلے لمبے ستونوں کی شکل میں اٹھ رہے ہوں گے ۔

Bayan ul Quran
by Dr. Israr Ahmed

No comments:

Post a Comment